ممکنہ بارشیں ، وزیراعلیٰ پنجاب کا انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم  


لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظرانتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا۔وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی ، مریم نواز نے خطرے کے پیش نظر ڈی جی خان ایڈمنسٹریشن کو ضروری اقدامات جبکہ نکاسی آب کے لئے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو متحرک رہنے کا حکم دے دیا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہور میں بارش کے پانی کے بروقت اخراج کے لئے واسا کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، بارشوں کے پانی کے نکاس تک متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں، انتظامیہ اور واسا متحرک رہیں، نکاسی آب کے لئے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کسی سڑک پر بارش کا پانی زیادہ دیر تک جمع نہیں ہونا چاہیے، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، اسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں کے عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، دیہی علاقوں میں پیشگی مال مویشیوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کئے جائیں، سیلابی صورتحال میں متاثرین کو بروقت امداد اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ارکان اسمبلی ممکنہ سیلابی صورتحال میں ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی موثر نگرانی کریں۔مریم نواز نے کہا کہ کرنٹ لگنے کے حادثات سے بچاؤ کے لئے آگاہی پھیلائی جائے، شہریوں سے اپیل ہے چھوٹے بچوں کو ننگی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں، ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں بروقت شروع کی جائیں۔