نیپال ، بارشوں سے سیلابی صورتحال ،لینڈ سلائیڈنگ ، 14 افراد ہلاک


کٹھمنڈو(صباح نیوز)نیپال میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 14 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ آفات سے نمٹنے والی ٹیمیں 9 لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپالی پولیس کے ترجمان دان بہادر کارکی نے بتایا کہ پولیس لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے دیگر ایجنسیوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔متعدد مقامات پر ہلاکتیں اور لوگ لاپتہ ہوئے ۔جون سے ستمبر تک ہونے والی مون سون کی بارشوں میں ہر سال جنوبی ایشیا میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور تباہی ہوتی ہے لیکن حالیہ برسوں میں مہلک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور سڑکوں کی تعمیر میں اضافہ مسئلہ کو مزید بڑھا رہا ہے۔نیپال کے کچھ حصوں میں جمعرات سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ہمالیائی ملک میں آفات سے نمٹنے والے حکام نے متعدد دریاں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ۔بھارت کی سرحد سے متصل نشیبی علاقوں کے کئی اضلاع کے بھی زیر آب آنے کی اطلاعات ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نیپال میں شدید طوفانوں میں 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔