بانی پی ٹی آئی پر جتنے ناجائز مقدمے ہیں فوری ختم کئے جائیں، جاوید لطیف


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ میں کہتا ہوں بانی پی ٹی آئی پر جتنے ناجائز مقدمے ہیں فوری ختم کئے جائیں، منصوبہ سازوں کے نام پبلک نہیں کئے جا رہے، دعوت دے رہے ہیں کہ  دوسرا 9مئی ہو جائے، حمود الرحمن کمیشن رپورٹ اس وقت پبلک کردی جاتی تو 9 مئی نہ ہوتا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ جیل کی تصویریں کسی فائیو سٹار ہوٹل سے کم نہیں، مئی جون کے مہینے میں مجھے تو کوئی سہولت نہیں دی جاتی تھی۔ جاوید لطیف نے کہا کہ جیل میں مجھے تو مئی جون میں ایک ڈرم میں رکھا جاتا تھا، میں نے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قاسم خان کے سامنے فریاد کی، مجھے کہا گیا تم اداروں کے خلاف اور ایجنسیوں کے متعلق بات کرتے ہو، مجھے کہا گیا تمہیں تو سنگسار کر دینا چاہیے تھا، مجھے کہا گیا تم پابندیاں برداشت نہیں کرسکتے تو پاکستان چھوڑ دو، کیا میں پاکستانی نہیں تھا؟۔

جاوید لطیف نے کہا کہ میری پیشی پر تو کرفیو لگا دیا جاتا تھا، کیا پاکستان کے اندر 9مئی کرنا جرم نہیں، کسی کو گڈ ٹو سی یو اور مجھے سیسیلین مافیا اور گاڈ فادر کہا جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ سازوں کے نام پبلک نہیں کئے جا رہے، دعوت دے رہے ہیں دوسرا 9مئی ہو جائے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ میں کہتا ہوں بانی پی ٹی آئی پر جتنے ناجائز مقدمے ہیں فوری ختم کئے جائیں، ملک کے اندر 75سال بعد بحث ہے کہ مقبول کون اور معقول کون ہے۔انہوں نے کہا کہ انصاف کا دہرا معیار قائم ہو جائے تو پھر ریاست کی بقا کی فکر ہوتی ہے، بھٹو کو 45سال بعد کہا جائے اس وقت انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے، 10سال بعد نوازشریف کو انصاف ملے مگر آج یہ نہ کہا جائے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ مفاہمت کا اوپن کورٹ میں کہا جا رہا ہے یہ خوشی نہیں لمحہ فکریہ ہے، ملک میں قانون تبدیل کردیں، عدت کا قانون تبدیل کردیں، کسی خاص کے لیے قانون نہیں عام کے لیے  سولی پر لٹکا دو، 190ملین پانڈ کوئی جرم نہیں مگر موبائل چھیننا بہت بڑا جرم ہے۔