190ملین پاؤنڈزریفرنس ، مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند، دوسرے پر جرح مکمل


راولپنڈی (صباح نیوز)اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصا ف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند جبکہ ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر اڈیالہ جیل میں سماعت کی، عمران خان اور بشری بی بی کو اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، ان کے وکلا سلمان صفدر اور ظہیر عباس عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے،190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید ایک گواہ کا بیان ریکارڈ اور ایک گواہ پر جرح مکمل کر لی گئی۔

بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی۔آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کے بیان قلم بند کیے جائیں گے، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکلا کی جانب سے گواہوں پر جرح کی جائے گی۔واضح رہے کہ 3 مئی کو گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ایک گواہ کا بیان قلمبند جبکہ ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی تھی۔