اسلام آباد(صباح نیوز) اعلی سطحی سعودی تجارتی وفد اتوار کو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے گا۔ 50 افراد پر مشتمل تجارتی وفد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 30 کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں جن کا تعلق ٹیکنالوجی، توانائی، ہوابازی، تعمیرات، مائننگ اور ہیومن ریسورسز سے ہے۔ وفد پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لے گا ۔دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں تجارتی تبادلہ ہو گا۔جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اجلاس کو سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کے اعلی سطح کے وفد کے آئندہ چند روز میں دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات پر پوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔وزیرِاعظم نے اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی، جو خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے کہا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اس کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔