لاہور (صباح نیوز) لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان کو آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر لیا۔
لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی و دیگر ملزمان کیخلاف غیرقانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت ہوئی، اینٹی کرپشن کورٹ کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس پر سماعت کی اور 10 شریک ملزمان عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو جیل سے عدالت پیش نہ کیا گیا اور ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا گیا جس کے باعث پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان پربھی فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔عدالت میں پیش کی گئی
میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویز الٰہی اڈیالہ جیل کے واش روم میں گر گئے تھے جس سے ان کی ہڈی فریکچر ہوئی تھی اور وہ ابھی ٹھیک نہیں ہوئے۔میڈیکل رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی تین ہفتے تک سفر نہیں کر سکتے، ڈاکٹرز نے ان کو آرام کا مشورہ دے دے رکھا ہے۔
بعدازاں لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے کیس کی سماعت 13 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر چودھری پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر لیا۔