کراچی، جاپانی شہریوں کی گاڑی پر خود کش حملہ ،فائرنگ ، 2دہشتگرد ہلاک،2سکیورٹی گارڈ سمیت 3زخمی


 کراچی(صباح نیوز) کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب خودکش دھما کے میں 2دہشت گردہلاک اور 2سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب گاڑی روکنے کیلئے فائرنگ کی گئی جس کے ساتھ دھماکہ ہوا ، دہشت گردی کا نشانہ بنائی گئی وین میں 5 جاپانی شہری سوار تھے۔

ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، اس گاڑی کے پیچھے ایک خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا۔ خودکش دھماکے میں 2 حملہ آور ہلاک ہوئے جبکہ ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ اظفر مہیسر نے کہا کہ غیر ملکی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جارہے تھے جب انکی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے سے ایک گاڑی اور موٹرسائیکل کو بھی نقصان پہنچا، انہوں نے کہاجائے وقوعہ سے ایک ایس ایم جی(شارٹ مشین گن)اور ہینڈگرنیڈ والا بیگ بھی ملا ہے ۔ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کا کہنا ہے کہ شرافی گوٹھ تھانے کی حدود میں گاڑی پر خودکش حملہ ہوا ہے۔ایس ایس پی کورنگی نے کہا کہ واقعہ میں قریب موجود ایک اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں وین کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے سے متعلق پولیس نے کہا کہ گاڑی میں موجود پانچوں غیر ملکی محفوظ رہے ہیں۔ تمام غیر ملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔پولیس نے کہا کہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ اس کے دوسرے ساتھی کو پولیس نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقابلے میں مارا گیا دوسرا دہشت گرد بھی خود کش بمبار تھا، مذکورہ دہشت گرد کے جسم سے خود کش جیکٹ اور گرینیڈ بندھا ہوا ملا ہے۔پولیس نے واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، بم ڈسپوزل ٹیم موقع پر پہنچ گئی ۔پولیس حکام کے مطابق غیر ملکی ایکسپورٹ پروسسنگ زون میں کام کرتے ہیں، وین کو موٹر سائیکل پر سوار خود کش بمبار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جائے وقوعہ سے کلاشنکوف اور دستی بم سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔پولیس نے بتایا ہے کہ خودکش حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں جناح ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا ۔جناح ہسپتا ل حکام نے بتایا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ، زخمیوں میں 2 سکیورٹی گارڈ اور ایک راہگیر شامل ہے۔جناح ہسپتال حکام کے مطابق زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان، سلمان رفیق شامل ہیں، تینوں زخمی ایمرجنسی میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

واقعہ کے عینی شاہد سکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ ہم 2 گاڑیوں میں ڈیفنس کے علاقے زمزمہ سے نکلے تھے، مانسہرہ کالونی کے قریب زور دار دھماکا ہوا، دھماکے کے بعد ایک دہشت گرد گاڑی پر فائرنگ کر رہا تھا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلی کو دی گئی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہیکہ پولیس کی بروقت کارروائی سے غیر ملکی محفوظ رہے، ان کا ایک گارڈ زخمی ہوا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے آئی جی کو واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کردی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لانڈھی میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے سی پی او اور آئی جی سندھ سے حملے کی رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک بار پھر غیر ملکیوں کو نشانہ بنایا گیا، شہر میں دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، واقعے کے محرکات کا پتہ لگایا جائے اور ماسٹر مائنڈ تک پہنچا جائے۔