پوری پاکستانی قوم فلسطین اور کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہے ،آصف علی زرداری

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطین اور کشمیرکے مظلوم عوام کو یہ یقین دلایا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے ،عالمی برادری غزہ میں فوری امن اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے ،پاکستان تنازعہ جموں و کشمیر کا اقوام ِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل تک کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم  اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کر تے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ مبارک دن ہمارے لیے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں ، امن  اور سلامتی لائے۔رمضان کے مقدس مہینے میں روزے، نماز، اور  صدقات کی بجا آوری کے بعد اس مہینے کے اختتام پر ہمیں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس کی بے شمار نعمتوں اور توفیق سے ہمیں رمضان المبارک کی یہ تمام سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئی ہیں۔ رمضان کے دوران، ہم اطاعت ِ الہی ، تقوی  ، ہمدردی اور سخاوت کے اصولوں پر عمل پیرا ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے۔یہ مبارک دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں ، یتیموں اور محتاجوں  کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں ۔صدر مملکت نے کہاکہ عیدالفطر کا پر مسرت موقع ہمیں یہ  پیغام بھی دیتا ہے کہ ہم سب بحیثیت ِقوم  رکاوٹوں کو دور کرنے، ضرورت مندوں کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھانے اور سب کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے کام کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ تو  آئیے ، اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں اخوت ، رواداری ، سماجی و معاشی انصاف اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہوکر ایک متحد اور مضبوط قوم بننے کی کوشش کریں۔ انہو ںنے کہا کہ میں پاکستانی قوم کی طرف سے غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کیلئے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں فوری امن اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ اسرائیل کا ظلم ،  بربریت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔صدر زرداری نے کہاکہ ہمیں خوشی کے اس موقع پر غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام  کو بھی نہیں بھولنا چاہیے ۔ میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی  ہے۔ پاکستان تنازعہ جموں و کشمیر کا اقوام ِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل تک ان کیلئے اپنی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ میں اس مبارک  دن کے موقع پر ہر پاکستانی  اور پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں۔ اللہ تعالی ہماری قوم پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، ہمیں نیکی کی راہ پر گامزن فرمائے اور ہمیں اتحاد، امن اور خوشحالی عطا فرمائے۔آمین