کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے زمینوں کی الاٹمنٹ سمیت نگران دورحکومت کے فیصلوں پر نظر ثانی کرنے والے اعلان پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقت میںصوبائی نگران حکومت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا تسلسل تھی جب نگران حکومت سندھ کی زمینوں کی بند ربانٹ اور مسلسل عوام دشمن فیصلے کر رہی تھی تو اس وقت پیپلز پارٹی کی قیادت کیوں خاموش تھی؟
صوبائی ترجمان مجاہد چنا نے وزیر اعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس کے رد عمل پر مزید کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ سندھ کی زمینوں سمیت وسائل کی بندر بانٹ کا نگران حکومت کو کوئی اختیار نہیں ہے۔ اس کا بنیادی کام صرف صاف وشفاف انتخابات کرانا تھا جس میں وہ بری طرح ناکام بلکہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے ساتھ برابر کی شریک تھی۔ سندھ کے عوام امن کے خراب صورتحال کی وجہ سے سخت پریشان تھے آپریشن کے نام پر منی بجٹ لانے کے باجودجرائم پیشہ افراد اوران کے سرپرستوں کے خلاف آپریشن نہ کرکے عملی طورسندھ کے عوام کو ڈاکوراج کے حوالے کیاگیا اس وقت بھی درجنوں لوگ ان کی چنگل میں ہیں اورانتظامیہ بے بس بنی ہوئی ہے نگران وزیر اعلیٰ شاہ سے بڑھ کے شاہ کے وفاداری دکھانے میں مصروف رہے۔ اس لئے سندھ کے عوام نگران دور کو ایک سیاہ دور کے طور پر یاد رکھیں گے۔#