ملک میں ظلم ، فساد کا نظام رائج ہے ، حافظ نعیم الرحمن

کراچی( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام میں خواتین کا بہت اہم مقام ہے لیکن ہمارے ملک میں ظلم اور فساد کا نظام رائج ہے جس میں خواتین کو حقوق نہیں دیے جاتے ،جماعت اسلامی نے اپنے منشور میں خواتین کے حقوق پر مشتمل چارٹربھی شامل کیا ہے ،جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت بنوقابل پروگرام 2.0مکمل ہونے والا ہے ، اب ہم ایسی خواتین جو گھروں میں رہ کر آن لائن کورس کرسکتی ہیں ان کے لیے پروگرام بنوقابل 3.0شروع کررہے ہیں ،جماعت اسلامی کی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں کراچی کی تمام خواتین شامل ہوسکتی ہیں ،رمضان المبارک میں کراچی کے تمام اضلاع میں منعقد ہونے والے دورہ قرآن میں قرآن ترجمہ و تفیسر سے پڑھا یاجائے گا ۔خواتین ذمہ دار ان مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے آج کا بہترین پروگرام منعقد کیا اورمختلف اسٹالز لگاکر پیغام دیا ہے کہ خواتین بھی معاش میں معاون و مددگار ثابت ہوسکتی ہیں ۔اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے امیر جماعت اسلامی پاکستان کی اپیل پر آج پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائے گا اسی سلسلے میں کراچی میں نمائش تا سی بریز ریلی منعقد کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے جے آئی یوتھ ویمن ضلع وسطی کے تحت الفاروق کرکٹ گراؤنڈ ،نزد انکوائری آفس ناظم آباد نمبر 2میں خواتین ٹیلنٹ نمائش سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ نمائش میں کپڑوں ، کھانے پینے کی اشیاء سمیت دستکاری کے مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے جب کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بااثر خواتین کے ساتھ پینل ڈسکشن کا بھی انتظام کیا گیاتھا ۔اس موقع پر امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن ،حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم ، شبانہ نعیم ودیگر خواتین ذمہ داران بھی موجود تھیں۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ملک میں ظلم و جبر کا نظام ہے جس کے باعث امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے ، عام انتخابات میں سب کچھ کھل کر سامنے آگیا ہے کہ کس طرح امریکی آلہ کاروں کو ہم پر مسلط کردیا گیا ہے ،ہم فارم 45کے مطابق اپنی جیتی ہوئی نشستیں ضرور حاصل کریں گے اور پر امن مزاحمت جاری رکھیں گے ،کل پوری دنیا میں عالمی یوم خواتین منایا گیا ہے اور صورتحال یہ ہے کہ تقریبا تمام ہی ممالک میں خواتین کو حقوق حاصل نہیں ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے بڑے نعرے لگائے جاتے ہیں لیکن ریاست بتائے کہ بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے کیا کام کررہی ہے؟ ، عوام سے ہر چیز پر ٹیکس وصول کیے جاتے ہیں ، ٹیکس وصول کرنے کے بعد ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو معیاری تعلیم دی جائے ،تعلیم کا اربوں روپے کا بجٹ ہے جب کہ حالت یہ ہے کہ سرکاری یونیورسٹی میں پینے کا صاف پانی اور واش رومز میں پانی تک میسر نہیں ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ امریکہ ہم پر ایسے لوگوں کو مسلط کرتا ہے جو عوام کو تعلیم اور روزگار سے محروم کرتے ہیں ۔ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ایسے لوگوں کے خلاف آواز بلند کی جائے اور انہیں اپنے سروں سے ہٹایا جائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ بجلی ، گیس کے بلز بہت زیادہ ہیں جس کے نتیجے میں خواتین بھی کام کرنے کے لیے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہیں ،ٹھیکیداری نظام کے تحت کمپنیوں میں ملازمت کرنے والی خواتین سمیت گھروں میں ملازمت کرنے والی خواتین کے حقوق کی کوئی بات نہیں کرتا ، کراچی میں خواتین سمیت مردوں کے لیے بھی باعزت ٹرانسپورٹ نہیں ہے ، 35سال اقتدار میں رہنے والوں نے کراچی کو تباہ و برباد کردیا، پولیس کے نظام میں بہتری ہوسکتی ہے ، اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جاسکتے ہیں ، ان سب کو ٹھیک کرنے کے لیے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ہم کراچی کے بچوں اور بچیوں کو ظالموں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑسکتے ۔