پاکستانی معیشت درست سمت پر گامزن،مہنگائی کم ہونے کا امکان ہے،آئی ایم ایف


اسلام آباد(صباح نیوز) آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ جولائی 2023 سے پاکستانی معیشت درست سمت پر گامزن ہے،رواں مالی سال 2024میں معاشی ترقی کی شرح 2 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔

عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024 کی دوسری ششماہی میں معاشی بحالی مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی طور پر مضبوط محصولات کے سبب بنیادی سرپلس خام ملکی پیداوار(جی ڈی پی)کے 0.4 فیصد رہا۔ آئی ایم ایف کے مطابق مہنگائی کی سطح اب بھی بلند ہے، تاہم سخت پالیسی کے ساتھ یہ جون 2024 کے آخر تک کم ہو کر 18.5 فیصد تک آ سکتی ہے۔ حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر 4.5 سے بڑھ کر 8.2 ارب ڈالر ہو گئے ہیں جبکہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نمو 2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2023 سے معیشت درست سمت پر ہے، پاکستان نے معاشی بہتری کیلئے تمام اہداف حاصل کیے، پاکستان میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ صنعتی شعبہ مشکلات کا شکار ہے جس کی شرح نمو محض 2.5 فیصد ہے۔عالمی مالیاتی فنڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبہ 5.1 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے جبکہ رواں مالی سال محصولات اور گرانٹس جی ڈی پی کے 12.5 فیصد رہ سکتی ہیں۔آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ پاکستان نے ڈالر کی سمگلنگ کی روک تھام کو سرحدوں پر کنٹرول کیا، رواں مالی سال بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 7.6 فیصد رہنے کا امکان ہے اور رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک رہ سکتا ہے۔