دوحہ(صباح نیوز)وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نیقطر کے وزیر مملکت برائے داخلہ امور شیخ عبدالعزیز بن فیصل الثانی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون، سکیورٹی سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔
ملاقات کے دوران، معاون خصوصی نے قطر کے وزیر مملکت داخلہ کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی۔ معاون خصوصی نے قطر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے قطر کی اقتصادی جدت کاری میں مدد کے لیے انتہائی ہنر مند اور پیشہ ور افرادی قوت کی فراہمی جاری رکھنے کا عزم کیا۔انہوں نے قطر میں پاکستانی کارکنوں کی مسلسل نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے ابتدائی مرحلے میں پاکستان بھر میں بالخصوص پشاور اور لاہور میں اضافی قطر ویزا سینٹرز (QVCs) کے قیام کی تجویزدی۔
معاون خصوصی نے غزہ کے لئے قطر کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کی تعریف کی۔جواد سہراب ملک نے قطر کے وزیر مملکت برائے داخلہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ قطر کے وزیر مملکت برائے داخلہ نے پاکستانی اور قطری عوام کی مشترکہ اقدار پر زور دیتے ہوئے قطر کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے نمایاں کردار کا اعتراف کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور دفاعی تعاون میں دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ملاقات کے دوران معاون خصوصی کے ساتھ قطر میں پاکستان کے سفیر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بھی موجود تھے۔۔۔