اسلام آباد( صباح نیوز )سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں طویل تاخیر اور منسوخی پر دو نجی ائر لاینز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔جمعرات کو ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق سیرین ایئر اور ایئر بلیو کی پروازوں میں طویل تاخیر اور متعدد منسوخیوں نے بڑی تعداد میں مسافروں کو متاثر کیا۔ سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو بالترتیب 2 جنوری اور 15 جنوری کو نوٹس جاری ہوئے۔
اردو نیوز کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر بلیو اور سیرین ایئر اپنے اپنے فلائٹ آپریشنز بروقت اور باقاعدگی سے انجام دینے میں ناکام رہی ہیں۔دونوں آپریٹرز نے تسلیم شدہ ریگولیٹری قوانین کو نظرانداز کیا جس سے مسافروں کے لیے خاصی مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ایئر بلیو اور سیرین ایئر کو مالی جرمانے اور لائسنس کی معطلی یا منسوخی جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
اس حوالے سے طے شدہ پروازوں کی تعداد کو کم کرنے جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔دونوں آپریٹرز کو سات دن میں اپنے اپنے جوابات جمع کرانے کا کہا گیا۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پی سی اے اے مسافروں کی آسانی، سکیورٹی اور سہولت کو برقرار رکھنے کا اعادہ کرتی ہے۔