خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے دو آپریشنز میں چار دہشت گرد مارے گئے.آئی ایس پی آر

راولپنڈی(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے دو آپریشنز میں چار دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں  دو آپریشنز کیے جس کے دوران چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کمانڈر تبسم عرف قادر مان اور ساجد عرف سرکنڈی شامل ہیں۔ادھر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں، دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، دہشت گرد بھتہ خوری، بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیے گئے، علاقہ مکینوں نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔