پشاور ،جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ، 3زخمی


 پشاور(صباح نیوز)پشاور جوڈیشل کمپلیکس میں وکیل کے بھیس میں موجود شخص نے فائرنگ کردی ، ایک جاں بحق اور 3افراد زخمی ہو گئے ۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو لیڈ ی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا،لیڈی ریڈنگ ہسپتا ل کے ترجمان نے کہا کہ جاں بحق شخص کی نعش اور تین زخمیوں کو ہسپتا ل لایا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص وکیل کے روپ میں آیا تھا، جس نے پیشی بھگتنے کے لئے آنے والوں پر فائرنگ کی۔پولیس نے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے،واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں ۔پولیس  نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے۔پشاور بار کونسل (پی بی اے)کے صدر اشفاق خلیل نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں فائرنگ ہوئی ہے، فائرنگ کا واقعہ پولیس اہلکاروں کی غفلت کا نتیجہ ہے، پولیس کا کام سکیورٹی فراہم کرنا ہے، جو یہ لوگ نہیں کر رہے ہیں، پولیس اہلکارضمانت کے لئے آنے والے سیاسی لوگوں کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔اشفاق خلیل نے بتایا کہ جب اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام نہیں ہوگا تو ایسے واقعات پیش آئیں گے۔