لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری،سردی بڑھ گئی


لاہور(صباح نیوز)لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور  میں اچھرہ، فیروز پور روڈ ،گلبرگ، تاج پورہ ،کینال روڈ ،باٹا پور، ڈیفنس، ماڈل ٹائون،کوٹ لکھپت ،جیل روڈ، نشتر ٹائون، پانی والا تالاب ،اندرون لاہور میں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد شہر کا درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ محکمہ موسمیات کی مزید 3روز تک بارش پیشگو کی ہے جبکہ موسلادھار بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔صبح سویرے حافظ آباد سیالکوٹ ،نارووال،ڈسکہ میں بادل جم کر برسے اور ژالہ باری سے ہر طرف سفیدی نظرآنے لگی ، وادی نیلم کے بالائی حصوں میں برف باری ہوئی ،اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔جبکہ بعض علاقوں میںبجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سترہ اکتوبر تک چاروں صوبوں اور شمالی علاقہ جات کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں ۔ اس دوران مری، گلیات، چترال، گلگت بلتستان اور مانسہرہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ۔اس کے علاوہ  بارشوں سے راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔