ملک بھر کے موٹر ویز اور ہائی ویز پر ای ٹولنگ کا سسٹم لگانے کے منصوبہ پر کام شروع کردیا گیا ہے، اسعد محمود


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود نے کہا ہے کہ ملک بھر کے موٹر ویز اور ہائی ویز پر ای ٹولنگ کا سسٹم لگانے کے منصوبہ پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں سیالکوٹ لاہور موٹر وے سیکشن پر اسکا تجرباتی آغاز ہوچکا ہے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا اور جماعتی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ موٹر ویز پر آپٹیکل فائبر بچھایا جارہا ہے باقاعدہ گاڑیوں کے لیئے کارڈز اور نمبر پلیٹ جاری کیئے جائیں گے اور نیشنل ہائی وے ہیڈ کوارٹر میں تمام روڈز کی مانیٹرنگ کا سسٹم ہوگا اور جدید تقاضوں کے مطابق عملہ کم نظر آئے گا اور مانیٹرنگ کا نظام مذید سخت ہوگا۔ اس مقصد کے لیئے ہم کوریا کی مدد سے یہ سسٹم لگائیں گے اور اسکی لاگت چالیس سال مدت کے قرضہ کی صورت میں ادا کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہکلہ یارک موٹر وے پر ڈیرہ اسماعیل خان۔ میانوالی اور راولپنڈی کی حدود میں قیام و طعام مراکز قائم ہونگے ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں ہم نے انکا افتتاح کردیا ہے میانوالی اور راولپنڈی میں وہاں کے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ مال  دفتر کی جانب سے زمین کے انتقال اور دیگر امور کے باعث یہ معاملہ سست روی کا شکار ہوا میانوالی میں ڈپٹی کمشنر اور محکمہ مال کی جانب سے مسئلہ حل ہوگیا ہے راولپنڈی کی حدود میں بھی جلد حل ہو جائے گا اور ہماری کوشش ہوگی کہ ان مقامات پر بھی جلد از جلد قیام وطعام اور دیگر سہولیتی مراکز کی تکمیل ہو تاکہ عوام کو ہرممکن سہولیات میسر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یارک سگو اور سگو ژوب سی پیک منصوبہ پر کام شروع ہونے والا ہے اور اس روٹ کو گوادر تک لے جایا جائے گا۔ سابقہ حکومت نے اسے روکا تھا اب ہم نے چین کا اعتماد بحال کیا ہے اور اس پر کام شروع کیا جارہا ہے جس سے ڈیرہ اسماعیل خان اس ملک کا نہیں بلکہ خطے کا تجارتی مرکز بنے گا۔