سی پی این ای کا خیبر پختونخوا حکومت سے اشتہارات کے واجب الادا پونے دو ارب روپے کی فوری ادائیگی کامطالبہ


پشاور(صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (کے پی کے کمیٹی) کے اجلاس میں حکومت خیبر پختونخوا کے ذمے اشتہارات کی مد میں واجب الادا پونے دو ارب روپے کی فوری ادائیگی کامطالبہ کیا گیا ۔ اجلاس میں سی پی این ای کے صدر ارشاد احمد عارف  سیکریٹری جنرل اعجاز الحق نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ نگراں صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ  سیکریٹری اطلاعات مختیار احمد خان  ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بصیر رحمان علی خان بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں خیبر پختونخوا سے شائع ہونے والے اخبارات اور ایڈیٹرز کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی این ای کے صدر ارشاد احمد عارف نے خیبر پختونخوا کے اخبارات کو درپیش مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اشتہارات کی ماہانہ ادائیگی کا موثر میکنزم بنانا چاہئے جس سے اخبارات کو ہر ماہ ادائیگیاں ہو سکیں۔ علاقائی اخبارات کی اہمیت مسلمہ ہے۔ یہ اخبارات ورکنگ جرنلسٹس کے لئے روزگار کا بڑا ذریعہ ہیں۔ سی پی ای این (کے پی کے کمیٹی) کے چیئرمین اور نائب صدر طاہر فاروق نے کہا کہ سالہا سال سے واجبات وصول نہ ہونے کے باعث علاقائی اخبارات شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ اجلاس میں ممبر ایڈیٹرز نے قرارداد بھی منظور کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ واجبات کی ادائیگی فوری طور پر کی جائے۔ سیکریٹری جنرل سی پی این ای اعجاز الحق نے کہا کہ اشتہارات کے واجبات کی مد میں حساب فہمی کے لئے سی پی این ای فرانزک آڈٹ کرانے کے لئے محکمہ اطلاعات کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ سی پی این ای کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری حکومتی نظام یعنی ریاست کا اہم ستون ہے۔محکمہ اطلاعات اور شعبہ صحافت ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں جو کہ ایک دوسرے کے بغیر نہیں چل سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دیکھا جائے تو محکمہ اطلاعات نے گزشتہ ایک سال میں سی پی این ای کو تقریباً 16 کروڑ 67 لاکھ روپے کی ادائیگی کی ہے جبکہ نگراں حکومت صرف چار ماہ میں اب تک 10 کروڑ 12 لاکھ روپے ادا کر چکی ہے۔ انہوں نے اجلاس کو یقین دلایا کہ محکمہ اطلاعات 1.6 بلین روپے کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے اقدامات کررہا ہے۔ اجلاس میں مسعود خان (ڈپٹی چیئرمین کے پی کے کمیٹی)  راحت اللہ (آئین)  قیصر رضوی (جدت)  سید علی نواز گیلانی (الجمعیت سرحد)  وزیر زادہ (انتباہ)  ممتاز صادق (آزادی سوات )  ارشد خان (عدن)  جمشید باغوان (ایکسپریس)  نعمان خان (فرنٹیئر سٹار)  امجد عزیز ملک (کسوٹی)  ظاہر شاہ شیرازی (نوائے پاکستان)  سردار نعیم (قائد)  ممتاز بنگش (92 نیوز)  نجیب اللہ نوین (ہیواد)  اعتزاز حسن شاہ (میدان) تنویر صدیقی (آج پشاور) نے شرکت کی۔