پشاور(صباح نیوز)پشاور میں رنگ روڈ مویشی منڈی کے قریب کباڑ کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی ،کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ،آگ پر چھ گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔
ریسکیو1122 پشاور کے مطابق فائربریگیڈ کی گیارہ گاڑیاں اور اکتالیس فائر فائٹرز نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔ پلاسٹک، کپڑا، کاٹن سمیت کروڑوں روپے کا مال جل کرخاکستر ہوگیا۔ رات گئے لگنے والی آگ نے کنٹینرز کو بھی اپنی زد میں لے لیا تھا تاہم واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔