سپیکر قومی اسمبلی کی پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کی منظوری پرگوجر خان کے عوام کو مبارکباد


اسلام آباد (صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کے لئے کی جانے والی کوششیں رنگ لے آئیں۔پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے لیے چار ارب روپے لاگت سے پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ۔

وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال کی صدارت میں سینٹرل ڈ ویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے معاملے کو زیر غور لایا گیا۔اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے لیے چار ارب روپے کی لاگت سے پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اہلیان گوجر خان اور خطہ پوٹھوہار کی نوجوانوں کو اس تاریخی اقدام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جدید تعلیم سے آراستہ خطہ پوٹھوہار ان کا دیرینہ خواب تھا جو اب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے جس کے لیے ان کی گزشتہ تین دہائیوں سے جدو جہد جاری تھی۔پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کا خطہ پوٹھوار اور گوجرخان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ اور میرے خطے کے نوجوانوں کو میری طرف سے تحفہ ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انشا اللہ ہم اپنے نوجوان بچوں اور بچیوں کو بڑے شہروں میں بھیجنے کی بجائے گوجر خان میں ہی تعلیم دیں گے۔ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے قیام سے گوجر خان اور ملحقہ علاقوں کے طلبہ کو اعلی تعلیم کے سلسلے میں دیگر شہروں میں نہیں جانا پڑے گا۔اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں طلبہ کو درپیش مشکلات اور تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کو حل کرنا ان کی بطور عوامی نمائندہ اولین ذمہ داری ہے۔گزشتہ تین دہائیوں سے علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے قیام سے خطے کے طلبا کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم ہونگے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر یونیورسٹی کے لئے مختص جگہ اعلیٰ تعلیمی سرگرمیوں کے لئے انتہائی موزوں ہے۔ یہ جگہ جہلم، گوجر خان، میر پور، ڈڈیال، چکوال اور آزاد کشمیر سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے سنگم پر واقع ہے۔ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے قیام سے کشمیر، جہلم، چکوال، کلر سیداں سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی مستفید ہوں گے۔سپیکر نے کہا کہ گوجر خان راولپنڈی ڈویژن کا اہم حصہ ہے اور محل وقوع کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ راولپنڈی ڈویژن میں کوئی جنرل یونیورسٹی موجود نہیں ہے۔پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی اپنی نوعیت کی پہلی جدید تعلیم سے آراستہ یونیورسٹی ہوگی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان راولپنڈی کے لئے قیام کے لئے پروجیکٹ کی منظوری پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں چیئرمین ایچ ای سی، وی سی پنجاب یونیورسٹی اور ڈائریکٹر ٹو سپیکر محمد مشتاق کی خصوصی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے  یوم تکریم  شہدا کے موقع پراپنے پیغام میں کیا جو ملک بھر میں 25 مئی کو ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے پاک افواج کی ملک کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ ملک کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے جو قربانیاں پیش کی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے ملک میں امن قائم کرنے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک افواج کے ان عظیم شہدا کی قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ کے لیے سنہری حروف میں لکھا جاے گا۔سپیکر نے سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہوے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنا نہایت افسوسناک ہے اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ اس سانحہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے ایسے ملک دشمن عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا کہ پوری قوم پاک افواج کے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور قوم کو پاک افواج کی ملک کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس دن چندہ ملک دشمن عناصر نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور یادگار شہدا کی بے حرمتی کی۔

انہوں نے موجودہ حکومت پر زور دیا کہ ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے اور اس سانحہ میں شریک ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی حرکت کرنے کی جرات نا ہو سکے۔