لاہور ( صباح نیوز ) الخدمت فاؤنڈیشن نے پی او بی ٹرسٹ ہسپتال کے تعاون سے پاک سٹینڈرڈ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول شادباغ لاہور میں 6 روزہ فری آئی اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا جس میں اسکول کی1400 سے زائد بچیوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور ضرورت کے مطابق ادویات اور عینکیں بھی فراہم کی گیئں۔
کیمپ کے آخری روز منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکر اللہ مجاہد تھے جبکہ پاک سٹینڈرڈ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی پرنسپل زبیرہ یاسمین اور دیگر ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موبائل، کمپیوٹر اور ٹی وی زیادہ دیکھنے سے بچوں کی نظر کمزور ہونے کا رحجان خطرناک حد تک بڑھا ہے۔ الخدمت اور پی او بی آئی اسی ضرورت کے تحت مختلف سکولوں میں آئی سکریننگ کیمپ کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ بروقت بچوں کی نظر کا معائنہ کیا جائے اور ضرورت کے مطابق علاج شروع کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بچے ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ان کی بہتر صحت اور نگہداشت سے ہی آگے چل کر یہ معمار ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھرمیں عوام کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم یہ سب کام لوگوں کی فلاح و بہبود اور اللہ کی رضا کے لیے کر رہے ہیں۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے شعبہ صحت اور خاص طور پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں خدمات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سال 2022ء میں سیلاب سے تقریباً سوا تین کروڑ افراد متاثر ہوئے۔
اس صورتحال میں الخدمت فاؤنڈیشن نے جہاں میڈیکل کیمپس، فیلڈ ہسپتال، موبائل ہیلتھ یونٹس اور موبائل ایمبولینس وینز کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کیں، وہیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں 40 ہزار سے زائد بچوں کی آنکھوں کا معا ئنے کا اہتمام بھی کیا گیا اور ضرورت کے مطابق انہیں نظر کی عینکیں بھی فراہم کیں۔ مس زبیرہ یاسمین نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن کی انسانی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے بچوں کی آئی اسکریننگ اور نظر کی عینکوں کی تقسیم پر الخدمت اور پی او بی کا شکریہ ادا کیا۔