لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا، پنجاب میں تمام فیصلے مشاورت سے کئے جاتے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب سے مسلم لیگ ن کے 3 ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ جن میں میاں جلیل احمد شرقپوری، محمد غیاث الدین اور چوہدری اشرف علی انصاری شامل تھے۔
ملاقات میں حلقوں کے مسائل، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے گفتگو کی۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر ارکان پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ آپ خلوص نیت سے پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، آپ نے سیاست میں شائستگی، رواداری اور شفافیت کے کلچرکو فروغ دیا ہے، آپ منتخب نمائندو ں کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر تے ہیں، آپ نے پنجاب میں حقیقی معنوں میں وہ کام کئے جو ماضی میں کوئی نہ کر سکا۔
انہوں نے کہاکہ ارکان پنجاب اسمبلی میرے ساتھی ہیں، سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں، آپ کی عزت میری عزت ہے، منتخب نمائندوں کے احترام پر حرف نہیں آنے دیں گے، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر کا ایجنڈا ترقی کے سفر کو روکنا ہے، ان کا یہ ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے، مخالفین کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو مزید تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں، کھوکھلے نعرے نہیں لگائے، صرف عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔