اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بڑا کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت کی جانب سیان کی سہولت اور معاونت کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں، نئے ضم شدہ اضلاع (سابق فاٹا)میں مختلف شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور ان منصوبوں سے علاقے کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کے سی سی آئی کے صدر سید حسن علی شاہ کررہے تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پرامن افغانستان نہ صرف افغانستان بلکہ اس کے ہمسایہ ممالک کے لیے بھی معاشی خوشحالی لانے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سرحدی اضلاع باالخصوص خیبر افغانستان کے ساتھ تجارت اور تجارتی مواقع سے بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کے انعقاد کے لیے حکومت کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس سے افغانستان میں انسانی امداد کے لئے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
وفد نے صدر مملکت کو افغانستان کے ساتھ تجارت کے حوالے سے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے وبائی امراض کے دوران تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔