لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی و قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی جانب سے افغانستان کے اقتصادی بحران اور خوراک کی امداد کے لیے فنڈ کا قیام اچھا اقدام ہے، او آئی سی اجلاس اتفاق رائے سے افغان عوام کی فتح اور طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیتے تو عالمی قوتوں پردبائو بڑھتا اور افغانستان کے اپنے منجمد فنڈز بحال ہو جاتے۔ افغانستان میں امن، استحکام اور انسانی المیوں سے بچاؤ صرف پاکستان نہیں عالمِ اسلام کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مسئلہ کشمیر وفلسطین کا حل بھی اِسی راستہ سے نکلے گا۔ اتحاد امت اور عالم اسلام کا دردِ مشترک قدرمشترک کے جذبے سے اکٹھا ہونے میں ہی مسلم دنیا عالمی استعماری ، اسلام دشمن اور دہشت گرد قوتوں کے شکنجے سے آزاد ہو سکتی ہے۔
لیاقت بلوچ نے مرکزی تربیت گاہ میں شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم اور صوبائی وضلعی قائدین سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کی جائے، ترازو نشان کو عوامی آرا پرثبت کرنے کے لئے بھرپور رابطہ عوام مہم چلائی جائے۔ مفادپرست ،محض سیاست اور انتخاب لڑنے والے مافیا سے عوام کی جان چھڑانی ہو گی۔ جماعت اسلامی عوامی خدمت کا شاندار ریکارڈ رکھتی ہے اور گلی محلوں ، عوامی مسائل کا دہلیز پر حل کا عملی لائحہ عمل اور عملدرآمد جماعت اسلامی ہی دے سکتی ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا زوال سامنے آ گیاہے۔ جماعت اسلامی نے جیت کے ساتھ ووٹ بنک میں بہترین اضافہ کیا ہے۔
تحصیلوں اور حلقہ جات میں مختلف جماعتوں کے مقابلہ میں جماعت اسلامی کے امیدواران رنراپ ہیں، سابق صوبائی وزیر صوبائی سیاسی کمیٹی کے صدر عنایت اللہ خان نے بلدیاتی انتخابات کے 17اضلاع کے انتخابی صورت حال سے بریف کیا۔لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کوکراچی میں عظیم الشان عوامی مارچ کی کامیابی اور 31دسمبر کو بلدیاتی حقوق کی بحالی، کراچی کے عوام کے شہری حقوق کی حفاظت کے لئے دھرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ جماعت اسلامی غلبہ دین کی جدوجہد میں دعوت دین اور عوامی مسائل پر عوامی جذبات کی ترجمانی کر رہی ہے۔ کرپٹ، نااہل ، مفادپرست مقتدر طبقہ نے ملک اور عوام کو کنگال کرد یا ہے۔ عوام اقتصادی ، سماجی ، معاشرتی اور عوامی سطح پر عدل وانصاف سے محروم ہے۔