افغانستان میں امداد کی بجائے امریکہ نے افغانستان کے جو پیسے ضبط کیے ہیں وہ ادا کیے جائیں۔امیر العظیم


لاہور (صباح نیوز) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کی آنکھیں کھلنی چاہیے کیونکہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی بدولت سیاسی انتظامی اور مالیاتی سقوط ہونے جا رہے ہیں سیاست کو جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے شکنجے سے آزاد کروایا جائے اسٹیٹ بینک کے گورنر کو تبدیل کیا جائے اور معیشت کو قرضوں سے نجات دلائی جائے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کابیانیہ پٹ چکا ہے دیانت دار قیادت ہی ملک میں تبدیلی لاسکتی ہے اسلامی انقلاب ملک کی دہلیز پر دستک دے رہا ہے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے طرز حکمرانی میں رتی برابرفرق نہیں ہے خاندانی وراثتوں پر سیاسی جماعتیں چل رہی ہیں۔عالمی منافقت کا خاتمہ ہونا چاہیے ۔افغانستان میں امداد کی بجائے امریکہ نے افغانستان کے جو پیسے ضبط کیے ہیں وہ انہیںادا کیے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی شیخوپورہ کے زیر اہتمام علامہ اقبال پارک میں مہنگائی،بے روز گاری کیخلاف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر ،سابق صدر بار ایسو سی ایشن شیخوپورہ سید ساجدالرحمن ایڈووکیٹ ،امیر جماعت اسلامی شیخوپورہ شہر ڈاکٹر میاں محمد رمضان بھی موجود تھے۔امیر العظیم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں عوام کے بجلی،گیس،پیٹرولیم اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے سے ان کے اوسان خطاہو گئے ہیں عوام نے سب کو آزما لیا اب وہ جماعت اسلامی کو موقع دیں انشااللہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی و خوشحالی کا انقلاب برپا کرے گی اورملک میں قرآن و سنت کے نظام کو نافذ کر کے ہر طبقے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم ،روزگار کے یکساں مواقع ملک کو سود اور قرضوں کی لعنت سے نجات دلا کرخوشحالی کی راہ پر گامزن کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب حقیقت آشکار کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرضے کی بدولت پورے ملک کو گروی رکھ دیا ہے جبکہ وزیر اعظم سے لے کر وفاقی وزرا  جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں کہ ملک میں جلد خوشحالی کا دور آنے والا ہے جبکہ حقیقت میں عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے پی ٹی آئی حکومت ملک کو مالیاتی دیوالیہ کی طرف لے جا رہی ہے ۔امیر العظیم نے کہا حکمران آئی ایم ایف ،ورلڈ بنک اور سامراجی طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور انہی استعماری طاقتوں کی ڈکٹیشن پر ملک و قوم پر فیصلے مسلط کیے جا رہے ہیں