اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ہائرایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر میں والی بال ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز مکمل کر لیے ہیں ،ہمارا مقصد نوجوانوں کومثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے جس میں کھیلوں میں شرکت سر فہرست ہے تاکہ پاکستان میں کھیلوں کے کلچر کو بحال کیا جا سکے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر لایا جا سکے،کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ، موجودہ حکومت نوجوانوں کو بے مثال مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم پاکستان نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ٹرائلز کی کامیابی سے تکمیل کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے زیراہتمام ہائیرایجوکیشن کمیشن، پاکستان نے منتخب اعلی تعلیمی جامعات کے تعاون سے25 مقامات پر ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے والی بال ٹرائلز کامیابی سے مکمل کرلئے، ملک بھرمیں والی بال کے ٹرائلز بیک وقت پانچ ریجنز کے پانچ مقامات پر منعقد کیے گئے جس میں 15 سے 25 سال کی عمر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت پاکستان نے ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اورمثبت سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے ویڑن کے تحت ہائیرایجوکیشن کمیشن، پاکستان کو والی بال سمیت 12 منتخب کھیلوں میں نوجوانوں کو شامل کرنے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ مذکورہ کھیلوں میں ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، اسکواش، باکسنگ، جوڈو، ہینڈ بال، ریسلنگ، اور ویٹ لفٹنگ شامل ہیں۔
والی بال کے ٹرائلز کی کامیاب تکمیل کے بعد ان ٹرائلز میں بہترین کھلاڑیوں کی ٹیموں کے درمیان صوبائی لیگزکاانعقاد کیا جائے گا اوراس کے بعد صوبائی لیگز کے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کونیشنل لیگ میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔ نیشنل لیگ میں شرکت سے قبل کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپوں میں کوچنگ اور ٹریننگ کروائی جائے گی۔ تربیتی کیمپ ان کھلاڑیوں کی استعداد کار میں اضافہ کرے گا اورانہیں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے کے قابل بنائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کومثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے جس میں کھیلوں میں شرکت سر فہرست ہے تاکہ پاکستان میں کھیلوں کے کلچر کو بحال کیا جا سکے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر لایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ، موجودہ حکومت نوجوانوں کو بے مثال مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور حکومت ہائیرایجوکیشن کمیشن، پاکستان کے ذریعے نوجوانوں کے لیے کئی منصوبے چلا رہی ہے جن میں پرائم منسٹر نیشنل انوویشن ایوارڈ، ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ، سپورٹس اکیڈمیز کا قیام، گرین یوتھ موومنٹ، ڈیجیٹل یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز، پرائم منسٹرز لیپ ٹاپ اسکیم، اور دیگر پروجیکٹس شامل ہیں۔جاوید علی میمن، ڈائریکٹر سپورٹس، ہائیرایجوکیشن کمیشن،
پاکستان نے کہا کہ ہم نے یہ سنگ میل بہت ہی کم وقت میں حاصل کیا ہے اور یہ کامیابی پروفیسرڈاکٹرمختاراحمد، چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن، پاکستان کی سرپرستی کے بغیرممکن نہیں تھی جنہوں نے ہمیشہ ہماری حوصلہ افزائی کی تاکہ نوجوانوں کے لیے انکی دلچسپی کے شعبوں میں سازگارماحول فراہم کیا جاسکے تاکہ نوجوانوں کو ٹیلنٹ سامنے لانے کے مواقع میسرہوں.
ڈائریکٹر اسپورٹس ہائیرایجوکیشن کمیشن، پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے عہدیداروں اور والی بال کے متعدد کھلاڑیوں نے بھی ملک بھر میں منعقد ہونے والی ٹیلنٹ ہنٹ سرگرمیوں میں ٹیکنیکل اورسلیکشن کمیٹی کے ممبران اور برانڈ ایمبیسیڈرز کے طور پر ٹرائلز میں حصہ لیا۔سینئر کھلاڑیوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حواصلہ افزائی کی کہ وہ والی بال کھلاڑیوں کے قومی پول میں اپنی پوزیشن کو محفوظ بنانے کے لییمزید محنت جاری رکھیں۔
ٹرائلز کے شرکا کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پراجیکٹ ہے جس میں ٹرائلز کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور انہیں مقابلے کا موقع دیا جاتا ہے۔ شرکا پرجوش تھے کہ لیگز میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اہل کوچز کی نگرانی میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔