اوسلو، لندن، بارسلونا، کوپن ہیگن، گلاسگو، لوٹن، برمنگھم، میں یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرامات

لندن: برطانیہ اور یورپی یونین کے کئی ممالک میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں خصوصی پروگرامات میں  کشمیریوں سے یک جہتی کا اظہار کیا گیا ۔تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری نسل کشی کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ طور پر اوسلو، لندن، بارسلونا، کوپن ہیگن، گلاسگو، لوٹن، برمنگھم، ڈنڈی، نیلسن، ایڈنبرا، مانچسٹراور بریڈ فورڈ سمیت برطانیہ اوریورپ کے مختلف شہریوں میں ریلیوں، کانفرنسوں اور ڈیجیٹل مہم کا انعقاد کیا۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیرڈاکٹر خالد محمود، برطانوی لارڈ ڈاکٹر واجد خان، فہیم کیانی، محمد غالب، حنیف راجہ، شاہ حسین، عدیل احمد، شفیق تبسم اور دیگر نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔بیرسٹر سلطان محمود نے لندن میں کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔تحریک کشمیر برطانیہ نے برطانوی شہروں میں ڈیجیٹل مہم بھی چلائی جس میں لوگوں کی توجہ 75 سال سے جاری بھارت کے غیر قانونی قبضے کی طرف دلائی گئی۔

ڈیجیٹل وین لندن کی مصروف سڑکوں سے گزری جو مقبوضہ جموں وکشمیر میںجنگی جرائم ، انسانیت کے خلاف جرائم اور بھارت کی طرف سے کی جانے والی آبادیاتی دہشت گردی کو بے نقاب کرتی رہی۔ٹین ڈائوننگ سٹریٹ میں جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے سربراہ ڈاکٹر خالد محمود نے ایک وفد کی قیادت کی اور برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو ایک یادداشت پیش کی جس میں ان پر زور دیا گیا کہ وہ بھارتی حکومت کو اس کے مظالم پر جوابدہ ٹھہرائیں۔کشمیر مارچ بارسلونا میں برطانوی لارڈ واجد خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ یہ بنیادی انسانی حق ہے اور کشمیریوں کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے کہ وہ کس طرح اور کس کے زیر انتظام رہنا چاہتے ہیں۔ صدر پاک فیڈریشن سپین چوہدری ثاقب طاہرنے بارسلونا میں کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن کو کشمیر کاز کے حوالے سے ان کی اخلاقی ذمہ داریاں یاد دلائیں۔تحریک کشمیر ناروے کے صدر شاہ حسین نے ناروے کی پارلیمنٹ کے باہر یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کی اور کشمیری سیاسی قیدیوں کا مسئلہ اٹھایا۔رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی، رکن پارلیمنٹ افضل خان، ڈنمارک میں پاکستانی سفیر احمد فاروق، کشمیر ہائوس استنبول کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مبین شاہ، شفیق تبسم،

راجہ مختار اور ناصر شہزاد نے یوم یکجہتی کشمیر کی مختلف تقاریب میں شرکت کی۔کوپن ہیگن میں کشمیر واک کی قیادت تحریک کشمیرڈنمارک کے صدر عدیل احمد نے کی جبکہ کشمیر ریلی کی قیادت حنیف راجہ صدر تحریک کشمیرسکاٹ لینڈ نے کی۔ تحریک کشمیر دونڈی کے صدرفخر اقبال چوہدری نے ڈونڈی میں کشمیر ریلی کی قیادت کی جبکہ راجہ عابد نے سکاٹش پارلیمنٹ کے باہر کشمیر ریلی کی قیادت کی۔بریڈ فورڈ میں ریلی کی قیادت حافظ محمد آزاد نے کی جبکہ نیلسن میں حاجی یاسین نے تقریب کی قیادت کی۔مانچسٹر میں مارچ کی قیادت ناصر اقبال نے کی اور برمنگھم میں ریلی کی قیادت چوہدری شہنواز، مفتی فضل احمد قادری اور چوہدری اکرام الحق نے کی۔