ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو کے زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس

قصور(صباح نیوز)ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرطارق عزیز سندھو کے زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلہ میں تمام انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری، تمام اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایس پی سٹی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122انجینئر سلطان محمود، محکمہ ہیلتھ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، چیف آفیسرمیونسپل کمیٹیز، واپڈا، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل، سول ڈیفنس، لوکل گورنمنٹ کے افسران اور منتظمین موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلہ میں تمام محکموں کو اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دینا ہونگی۔فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی، سستی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام چیف آفیسر ز میونسپل کمیٹیز کو جلوسوں کے تمام راستوں پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ واپڈا، سوئی گیس اور پی ٹی سی ایل کے افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں پر پائپ لائنوںلٹکتی تاروں، لائٹنگ، پیچ ورک، مین ہول کورز کی مرمت وغیرہ کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تا کہ ان ایام میں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو۔

انہوں نے ریسکیو 1122اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے موقع پر ایمبولینس اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری انتظامات کئے جائیں۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی گزر گاہوں اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائینگی۔ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر منعقد ہونے والی تمام مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ضلع میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائینگے۔