الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کا ایجوکیشن پروگرام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ”برین سٹارمنگ سیشن” کا انعقاد

لاہور (صباح نیوز  )الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت الخدمت ایجوکیشن پروگرام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ‘برین سٹارمنگ سیشن’ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، سیکٹری جنرل سید وقاص جعفری، نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن احمد جبران بلوچ، غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرسید عامر محمود، ریڈ فاؤنڈیشن کے جنرل مینجر  محمد اسلم حجازی، بورڈ ممبر ڈاکٹر عبد الرؤف، بیٹھک سکول نیٹ ورک کی صدر انیقہ اور عثمان پبلک سکول ٹرسٹ کمیٹی کے رکن منعم ظفر خان سمیت شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سربراہان نے اپنی تنظیموں کی جانب سیفراہم کی جانے والی تعلیمی خدمات بارے بریفنگ دی اور مشترکہ طور پر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ سید وقاص جعفری نے کہا کہ اجلاس کا مقصد، تنظیمات کی تعلیمی خدمات سے آگاہی اور پذیرائی، تعلیمی میدان میں ان کو درپیش چیلنجز کو سمجھنا  اور حل کیلئے متحدہ جدوجہد کرنا ہے۔ برادر تنظیمات کے تجربات سے فائدہ اٹھانا اور الخدمت کے21 آغوش ہومز کے لیے تعلیم کا جدید نظام تشکیل دینا اور نصاب مقرر کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ وطالبات کی فلاح وبہبود اور تعلیم کی ترقی کیلئے مشترکہ سکالر شپ اور یونیورسٹیاں قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت کے تحت ملک بھر میں 54 اسکولز، 56 چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز اور 83 سکل ڈویلپمنٹ سینٹرز خدمات سر انجام دے رہے ہیں جبکہ 4879 طلبہ و طالبات کو الفلاح سکالر شپ فراہم کیا جا رہا ہے۔ جس سے مجموعی طور 71885 طلبہ و طالبات مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والے تمام اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آج اس جگہ ان کا اکٹھا ہونا اور تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات اور تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی ہم اپنی نوجوان نسل کو بہتر اور روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ہم سب کو مل کر آگے بڑھنا ہے اور تعلیم کو عام کرنا ہے۔