نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن کو وفاقی حکومت کے برابر کریں۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے 11جولائی کو سول سکرٹریٹ لاہور کے باہر ہونے والے پنجاب کے سرکاری ملازمین کے پر امن احتجاجی مظاہرے کی حمایت کا اعلان کردیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے وفاق اور دیگر صوبوں کے سرکاری ملازمین کے برابرپنجاب کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنا قابل مذمت ہے ۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن کو وفاقی حکومت کے برابر بڑھائیں تاکہ سرکاری ملازمین کو کچھ ریلیف مل سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی نے ہر شخص کا کچومر نکال دیا ہے،عوام بدحال ہیں اور حکمرانوں کو ان کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں جبکہ دوسری جانب گیس کی قیمتوں میں 500 فیصد تک اضافے نے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ گرمیوں کے مہینوں میں400 روپے کا گیس بل بڑھ کر3 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمیوں میں گیس کے کم استعمال کے باوجود ایڈجسٹمنٹ کے نام پر کم از کم 2 ہزار روپے ٹیکسز کے علاوہ ہر ماہ وصول کیے جانے لگے ہیں، پبلک اکائونٹس کمیٹی کی واضح ہدایات کے باوجود گھریلو صارفین سے زائد وصولیاں کرنا عوام کی زندگی درگور کرنے کے مترادف ہے۔این جی پی ایل کی جانب سے بھجوائے جانے والے بلز میں گیس کی قیمت400 روپے تک ہونے کی صورت میں فکسڈ چارجز کے نام پر475 روپے جنرل سیلز ٹیکس161 روپے جبکہ ایڈجسٹمنٹ اور تصحیح کے نام پر 2 ہزار سے2500 روپے تک ہر ماہ وصول کئے جا رہے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں اور سابقہ حکومتوں کی کارکردگی میں کوئی فرق نہیں۔سب نے اپنے اللوں تللوں پر قابو پانے اور سادگی اختیار کرنے کی بجائے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دیا ۔جب تک قوم نے ان نا اہلوں اور کرپٹ لوگوں کو مسترد نہ کیا تو اس وقت تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا