قرآن پاک کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جا سکتی، حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے اپنی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کے لیے آنے والے احباب کا شکریہ ادا کیا، پھر ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریک حیات کی جدائی شدید صدمے کا باعث تو ہوتی ہے، مگر قرآن کی بے حرمتی سے تو دل پارہ پارہ ہو گیا ہے۔ دنیا کے سب غم اور اندوہ اس ظالمانہ و کافرانہ جرم سے لگنے والے زخموں کے مقابلے میں معمولی ہیں۔

اگر مسلمان ممالک کے حکمران ایمانی غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے خود سویڈن سے ہر قسم کے تعلقات منقطع کریں اور پھر جن غیر مسلم ممالک کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات ہیں ان کو بھی اس پر آمادہ کریں تو اس کا کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا۔ یہ عمل اس لیے ضروری ہے کہ اس قبیح جرم کا ارتکاب کرنے والے غنڈے نے حکومت کی آشیرباد سے یہ جرم کیا ہے۔ حافظ ادریس نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلم عوام سراپا احتجاج ہیں، ان کے ساتھ انصاف پسند غیر مسلم شہری بھی اس احتجاج میں شریک ہیں۔ ہم ان سب غیر مسلم شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان شاء اللہ قرآن پاک مشرق و مغرب میں دلوں کو فتح کرے گا اور شرانگیز و فتنہ پرداز شیطان عبرت کا نشان بن کر رہیں گے۔