سیلاب متاثرہ پولیو ورکرز میں 25 کروڑ روپے تقسیم کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وزارت صحت نے سیلاب سے متاثرہ پولیو ورکرز میں 25 کروڑ روپے تقسیم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ سیلاب میں نقصانات کے باوجود ورکرز نے امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں، سیلاب کی تباہی سے تین کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، پولیو ورکرز کو سیلاب کے دوران کافی نقصان اٹھانا پڑا، ملک کا ایک تہائی حصہ پانی کی زد میں تھا۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو پروگرام کے مطابق تقریباً 12 ہزار 500 پولیو ورکرز سیلاب سے متاثر ہوئے، آزمائش کی اس گھڑی میں ہم اپنے ورکرز کو اکیلے نہیں چھوڑ سکتے، پولیو ورکرز کو زیادہ سے زیادہ معاوضہ کو یقینی بنایا۔

وزیر صحت نے کہا کہ ان پولیو ورکرز کی اکثریت سندھ اور بلوچستان میں ہے، ان میں سے متعدد ورکرز کے گھر یا تو سیلاب میں بہہ گئے تھے یا جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

اس موقع پر کوآرڈینیٹر پولیو شہزاد بیگ نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ ورکرز کی شناخت اور فہرست مرتب کرنا مشکل کام تھا، ہمارا 3 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ فرنٹ لائن عملہ ہے۔