چوہدری برادران کے کہنے پر پنجاب میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی، رانا ثنا اللہ


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چوہدی برادران کے کہنے پر ہم نے پنجاب میں عدم اعتماد جمع کرائی۔

اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے 6 دن باقی رہ گئے ہیں، علی وزیرجیل میں ہیں ان کاپروڈکشن آرڈر جاری ہوناچاہئے، الزام لگایا جا رہا ہے کہ نوٹوں کی بوریوں کا لالچ دیا جارہا ہے، پرویز الٰہی نے قوانین کی خلاف ورزی کی ، چودھری برادران کا پہلی بار ایسا فیصلہ آیا جو مونس الٰہی کی وجہ سے ہوا، علیم خان گروپ کے پاس 30 سے 40لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چودھری برادران نے خلاف ورزی کی ہے، حقائق کو سامنے لانا چاہئے،ہم نے آخری ملاقات میں ان کی آفر کو تسلیم کیا تھا، آج بھی ن لیگ کے تمام فیصلے نواز شریف کی مرضی سے ہوتے ہیں، چو ہدری برادران کو آفر دی انہوں نے قبول کی، کھانا کھایا اور دعائے خیر بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ چو ہدری برادران کے کہنے پر ہم نے عدم اعتماد جمع کروائی، چودھری برادران نے کبھی ایسے فیصلے کیے نہیں ،یہ پہلا واقعہ ہے، علیم خان فی الحال امیدوار نہیں ، ترین گروپ کے پاس بھی لوگ ہیں ، گذشتہ روز بزدار گروپ بھی بن گیا اس کے بھی حامی لوگ ہیں۔ پرویز الٰہی کو کہنا چاہوں گا کہ پی ٹی آئی آپ کو وزیراعلیٰ نہیں بنا سکتی، پرویز الٰہی پی ٹی آئی کی حمایت سے وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بن سکتے، پرویز الٰہی کومسلم لیگ ن ہی پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا سکتی ہے، پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کے ساتھ کچھ اور لوگ بھی تیار ہیں، پی ٹی آئی ناراض اراکین نے  کہا کہ ضرورت پڑی تو ہم بھی ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر اپنے بھائی زبیر کو تو قائل نہیں کرسکے کسی اور کو کیا قائل کریں گے، فواد چوہدری اپنے بھائی سے تردید کرالیں کہ ہمیں ووٹ کی یقین دہانی کرائی تھی یا نہیں ، بی اے پی کا فیصلہ 4اور ایک سے اور مسلم لیگ ق کا 3اور دو سے ہوئی ہے،سیاسی جماعتیں اپنے فیصلے کررہی ہے ان پر کوئی دباؤ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ مسلم لیگ ن میں تفرقہ پیدا کررہے تھے ان کو آرام آگیا ہوگا، مسلم لیگ ن متحد ہے اور اسی طرح آگے بڑھے گی،ایم کیو ایم کے لوگ صحیح سیاسی مذاکرات کر رہے ہیں،سیاسی جماعتیں اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں،اب غیر سیاسی مداخلت نہیں ہو رہی ہے، ان کے پاس ایک ہی باعزت راستہ ہے کہ استعفیٰ دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بزدار سے پہلے اپنے استعفے پر دستخط کریں، نااہل اور نالائق ٹولے سے ملک کی جان چھوٹنے والی ہے، فوادچوہدری کے بھائی نے ہمیں ووٹ کی یقین دہانی کرائی ہے،شاہ محمود قریشی کے گھر سے بھی ووٹ کی ضرورت پڑی تو ہمیں ملے گا، ان کے بھائی جے یو آئی ف میں شامل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو پی ٹی آئی سے ناراض تھے وہ پچھلے دو سال سے ناراض ہیں، یہ خبر غلط ہے کہ منحرف ارکان کو نوٹوں کی بوریاں دی گئی ہیں، ہم نے منحرف اراکین کے بغیر نمبرز پورے کیے ہیں، متحدہ اپوزیشن نے ان کے علاوہ بھی 172 ووٹ پورے کرلئے ہیں۔