الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نے اسلام آباد میں آغوش گرلز ہوم کی کامیابی کے بعد شیخوپورہ میں بھی آغوش گرلز ہوم قائم کر دیا


شیخوپورہ (صباح نیوز )الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نے اسلام آباد میں آغوش گرلز ہوم کی کی کامیابی کے بعد شیخوپورہ میں بھی آغوش گرلز ہوم قائم کر دیا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  چیرپرسن الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نویدہ انیس نے کہا کہ ہم اللہ کی رضا اور پسند کے مطابق یتامی کو پال ہی نہیں خوبصورت اور مکمل سابچے میں ڈھال رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کا یہ یتامی کی کفالت کا ایک منفرد اور جامع منصوبہ ہے جو اسلام آباد کے بعد اب شیخوپورہ میں بھی الحمدللہ بچیوں کے لیے اقامتی وتربیتی آماجگاہ آغوش ہوم “قائم کرچکا ہے جہاں ڈھائی سو طالبات کے لیے پرسکون محفوظ رہائش، دینی و دنیاوی تعلیم، صحت مند ماحول، خوراک لباس ہی نہیں فکری و فنی تربیت کا بھی بہترین اہتمام کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ خواتین تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں کیونکہ تعلیم، انسان کو بہترین زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آغوش گرلز ہوم سے دینی فنی اور دنیاوی تعلیم حا صل کرنے والی بچیاں معاشرے میں دیگر بچیوں کی طرح بھر پور کردار ادا کرسکیں گی۔

دریں اثنا اس موقع پر ایک یتیم  طالبہ کی باہمت ماں نے بھی اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت نے میری بیٹی کی حفاظت اور کامیاب مستقبل کی ذمہ داری قبول ہی نہیں کی بلکہ عملا میں اپنی بیٹی  کے اخلاق و کردار اور فطری صلاحیتوں کی نشونما بھی یہاں دیکھ رہی ہوں اور انتہائی شکرگزار ہوں کہ یہ ادارہ قائم کیا گیا ۔

علاوہ ازیں آغوش کی افتتاحی تقریب میں ادارہ ھذا کی بچیوں پر مشتمل بزم آغوش کا تیار کردہ پہلے رسالہ نایاب کاوش “کی بھی تحسین و پذیرائی کی گئی۔

اس موقع پر پنجاب بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی  معزز شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی اور الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی خدمات کو سراہا۔