بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ،آنے والے مہینوں میں مزید بہتر نتائج نکلیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے،آنے والے مہینوں میں مزید بہتر نتائج نکلیں گے ، بجلی کی قیمتوں میں کمی بڑا ریلیف ہے جو صارفین کو فراہم کیاگیا، اسلام آباد میں میری ٹائم شعبے سے متعلق اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعظم شبہاز شریف نے کہا کہ ٹاسک فورس نے میری ٹائم شعبے میں اصلاحات کے لیے سخت محنت کی ہے، امید ہے کہ ٹاسک فورس کی تجاویز اس شعبے کی بہتری کے لیے معاون ثابت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ہر شعبے کے لیے اوسطا ساڑھے7روپے کمی کی گئی، کئی ماہ کی سخت محنت کے بعد تمام تر مشکلات کو عبور کرتے ہوئے ایک بہت بڑا ریلیف گھریلو، صنعتی، تجارتی اور زرعی صارفین کو فراہم کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے، اور آنے والے مہینوں میں مزید بہتر نتائج نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی سے پاکستان کی معیشت جو میکرو لیول پر مستحکم ہوگئی ہے اس کی ترقی کے لیے، برآمدات اور مقامی پیداوار مسابقت کی حیثیت میں آجائے گی، اس سے پیداواری لاگت بہتر ہوگی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے تین روز میں عالمی منڈی میں جو تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے ہمیں اس کا فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کرنی چاہیے، اس سلسلے میں تجاویز زیرغور ہیں اور ہم جلد اس سلسلے میں آپشنز پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک آپشن وہی ہے کہ جیسے چند ہفتے پہلے ہم نے تیل کی کمی قیمتوں میں کمی کو عوام کو منتقل نہیں کیا تھا اور اس بارے میں عوام کو پوری آگاہی دی تھی کہ اس کا فائدہ ہم آپ کو بجلی میں دیں گے اور الحمدللہ وہ وعدہ پورا ہوا۔اسی طرح تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے تناظر میں بھی کام کررہے ہیں تاکہ بالآخر اس کا فائدہ بھی معیشت اور عوام کو پہنچے۔ وزیراعظم نے کہاکہ شعبہ توانائی کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کی طرز پر میری ٹائم سیکٹر میں پائیدار اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس کام کر رہی  ہے،  سمندر سے جڑی اکانومی میں طویل عرصے سے موجود جمود کو ختم کرنے کے لیے اصلاحات پر کام تیزی سے جاری ہے،

وزیراعظم  نے کہاکہ اللہ تعالی نے پاکستان کو طویل ساحل، سمندر اور دیگر لامحدود وسائل عطا کیے ہیں،  عالمی معیشت کی ترقی سمندری وسائل اور ان تک رسائی سے جڑی ہے، ملکی بندرگاہوں کو مسابقتی معیار پر لانے کے لیے تجارتی ٹیرف پر نظر ثانی کی جائے،زیراعظم  نے  کسٹمز کلیئرنس کے عمل میں گرین چینل کی طرز پر  تیزی لانے کے لیے red اور yellow  چینلز میں کلیئرنس کے دورانیے کو کم کرنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی انہوںنے کہا کہ  بندرگاہوں پر موجود  کنٹینروں کی موجودگی کے دورانیے کو کم سے کم کرنے کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے، وزیراعظم نے بندرگاہوں پر موجود نیلام ہونے  والے کنٹینروں کو جلد از جلد نیلام کرنے کی ہدایت کی تاکہ پورٹ پر موجود جگہ کا بہتر استعمال کیا جاسکیانہوںنے ہدایت کی کہ تمام بندرگاہوں پر جدید ترین سکینر  لگانے کی رفتار کو تیز کیا جائے ، زیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی  بحری امور کی اصلاحات کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس کے اراکین اور دیگر سٹیک ہولررز  کی پزیرائی اگلے دس سال کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نیشنل ڈریجنگ پلان تشکیل دیا گیا ہے،

نیشنل ڈریجنگ پلان کے تحت تمام ملکی بندرگاہوں کی ڈریجنگ کے لیے نیشنل ڈریجنگ کمپنی بنائی جائے گی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگلے 25 سال کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی بحالی اور تعمیر نو کا لائحہ عمل بھی تیار کر لیا گیا ہے، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کو شامل کیا جائے گا، بریفنگ میں بتایاگیا کہ اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں تربیت یافتہ افرادی قوت لانے کے لیے حکمت عملی پیش کی گئی ملکی بندرگاہوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تمام بندرگاہوں کا فائنانشل، ایچ آر اور پرفارمینس آڈٹ کیا جائے گا کیمیائی فضلا اور دیگر خطرناک مواد کو تلف کرنے کے لیے گڈانی میں پلانٹ قائم کیا جا رہا ہے، تمام بندرگاہوں پر یکساں اصول و ضوابط کے نفاذ کے لیے پاکستان میری ٹائم پورٹ ایکٹ حتمی مراحل میں ہے، اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزا خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، جنید انور، وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، گورنر سٹیٹ بینک اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔