پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند ،موٹرویزبند،فلائٹ آپریشن معطل

لاہور (صباح نیوز)لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے، موٹر وے متعدد مقامات سے بند ہونے کے ساتھ ساتھ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر ویز متعدد مقامات سے بند رہیں ، ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے جبکہ لاہور سے سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 کو دھند کے باعث بند رکھا گیا  ۔اس کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی دھند کا راج رہا،

حد نگاہ کم ہونے کے باعث قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہناہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، روڈ یوزرز دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔علاوہ ازیں لاہور میں ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر رہا، متعدد پروازوں کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا، قطر ایئرلائن کی پروازبھی لاہورنہ لینڈ کر سکی، مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔