جو بھی ملکی سیکیورٹی میں رکاوٹ بنے گا، اسے نتائج بھگتنا ہوں گے، آرمی چیف


اسلام آباد(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ جو بھی پاکستان کی سیکیورٹی میں رکاوٹ بنے گا، اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ میں ہر پاکستانی سپاہی ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ کوئی وردی میں ہے اور کوئی وردی کے بغیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر دہشت گردی کے ناسور سے لڑنا ہے، ہم سب پر آئین پاکستان مقدم ہے، مزید کہنا تھا کہ آئین ہم پر پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی ذمہ داری عائد کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے گورننس میں موجود خامیوں کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے شہیدوں کی قربانی دے کر پورا کررہے ہیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی پاکستان کی سیکیورٹی میں رکاوٹ بنے گا، ہمیں اپنا کام کرنے سے روکے گا، اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔