بھارت سے 2 ہزار 500 سے زائد سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب پہنچ گئے


 حسن ابدال(صباح نیوز) حسن ابدال میں بابا گورو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔بابا گورو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے بھارت سے 2 ہزار 500 سے زائد سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب پہنچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک را عاطف رضا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سردار غیاث گل خان کے ہمراہ سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ پوری دنیا میں سکھ برادری بابا گرونانک کا جنم دن منایا جاتا ہے۔

گزشتہ روز اسی سلسلہ میں اندرون اور بیرون ملک سے سکھ یاتری جنم دن گرونانک کے سلسلہ میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے لیے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچ گئے ہیں جن کی محفوظ ماحول میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے۔تہوار کے موقع پر  ڈپٹی کمشنر اٹک را عاطف رضا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سردار غیاث گل خان کے ہمراہ سکھ یاتریوں کا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

سکھ برادری نے پرجوش استقبال پر حکومت پاکستان اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر کیے گئے بہترین انتظامات پر انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پنجہ صاحب میں کوئی بھی تقریب ہو ہمیں سکیورٹی، رہائش ، میڈیکل سمیت ہر سہولت دی جاتی ہے جس پر ہم ڈپٹی کمشنر اٹک، ضلع انتظامیہ اور حکومت پنجاب کے شکر گزار ہیں۔