قائم مقام صدر ،وزیراعظم ،وفاقی وزیر داخلہ ،امیرجماعت اسلامی ودیگر کی کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی مذمت


اسلام آباد(صباح نیوز)قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی ،وزیراعظم شہبازشریف ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ودیگر نے  کوئٹہ میں ریلوے  سٹیشن پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔قائم مقام صدر کا کوئٹہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی اظہار افسوس کیا ہے ،قائم مقام صدر نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں،سید یوسف رضاگیلانی نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا ہے ،قائم مقام صدر نے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب، ورثا کیلئے صبر جمیل، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے،اس موقع پروزیراعظم نیکہامعصوم اور نہتے شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کوبہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی ،دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کیلئے  حکومت اور سکیورٹی فورسزمکمل طور پر سرگرم عمل ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے،اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی رعایت کیمستحق نہیں،اس دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کوئٹہ ریلوے سیشن دھماکے کی مذمت  کی ہے ،

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کوئٹہ ریلوے  سٹیشن پر بم دھماکے میں قیمتی جانیں ضائع ہو ئیں ، بلوچستان میں پے در پے دہشت گردی کے واقعات نہ صرف ہمارے دلوں کو دہلا رہے ہیں بلکہ ملک کی سلامتی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔ اس افسوسناک واقعہ پر ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے بلوچستان میں امن و امان کی بحالی یقینی بنائے۔اس کے علاوہ مذہبی و سیاسی شخصیات نے دھماکے کی مذمت کی ہے ۔