اسرائیلی فوج ایران کے میزائل حملے کے جواب کی تیاری کر رہی ہے

 تل ابیب(صباح نیوز)اسرائیلی فوج ایران کے میزائل حملے   کے جواب کی تیاری کر رہی ہے  اسرائیلی اخبار “ہاریتز” نے اسرائیلی فوج کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوج ایران میں ایک بڑے حملے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس حملے کی نوعیت اور وقت کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دی گئیں، لیکن فوجی ذرائع نے اسے “بڑا اور فیصلہ کن” قرار دیا ہے۔ ادھر امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر دینا چاہیے۔سابق امریکی صدر نے یہ بات صدارتی انتخابی مہم کے دوران شمالی کیرولینا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سابق صدر نے کہا کہ میرے خیال میں میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیل کو ایران کی جوہری تنصیبات حملہ کردینا چاہئے، انہو ں نے کہا کہ یہی وہ جگہ ہے جہاں حملہ ہونا چاہیے۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمیں جس سب سے بڑے خطرے کا سامنا ہے وہ ایران کے جوہری ہتھیار ہیں۔اس سے قبل امریکا کے صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ابھی تک ایران پر جوابی حملے کی نوعیت سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔وائٹ ہاس میں ایک پریس کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ابھی تک یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا کہ ایران کو کیسے جواب دیا جائے۔ امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ اگر وہ اسرائیل کی جگہ ہوتے تو وہ ایرانی تیل کے ذخائر پر حملہ کرنے کے بجائے اس کے متبادل پر غور کرتے۔بائیڈن نے کہا کہ ان کے خیال میں اسرائیل نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ ایران کے خلاف کس طرح کا ردعمل دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔