سائنس و ٹیکنالوجی سے وابستہ خواتین خوشحال پاکستان کی سر خیل ہیں ،مسعود خان


واشنگٹن (صباح نیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی سے وابستہ خواتین خوشحال پاکستان کی سر خیل ہیں، پاکستانی خواتین کی سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں قابلیت اور مہارت کو نہ صرف ملکی سطح پر سراہا جا رہا ہے بلکہ بین الاقوامی پذیرائی بھی مل رہی ہے، ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ خواتین کی تحقیق، اختراعی حل، تجزیاتی صلاحیتوں اور وژن سے موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنج پر قابو پانے میں مدد ملے گی، پاکستانی خواتین جدیدٹیکنالوجیز میں اپنی صلاحیتوں اور مہارت کی بدولت معاشرے میں مثبت تبدیلی لا رہی ہیں۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہارامریکی محکمہ خارجہ کے ٹیک وومن پروگرام کے تحت امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی خواتین کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کا ٹیک ویمن پروگرام دنیا بھر سے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں قابلیت رکھنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے مواقع فراہم کر تا ہے۔ٹیک ویمن پروگرام میں رواں سال 22 مختلف ممالک سے 108 شرکا میں سے 6 پاکستانی خواتین رہنمائوں کو منتخب کیا گیا۔

پاکستانی وفد میں پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری/پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اسلام آباد سے منسلک ایسوسی ایٹ کیوریٹر شہناز ذکیہ سمیت پنجاب یونیورسٹی لاہور شعبہ کیمیا سے تعلق رکھنے والی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمارہ ڈار، کمپیوٹر گرافکس ماہر صدف گل، انعم صادق، ڈیویننگز کی شریک بانی، صدف شاہ، ڈرلنگ اینڈ کمپلیشنز انجینئراور ٹریس لاجکس کی شریک بانی سیدہ رملا حسن شامل تھیں۔سفیر پاکستان نے پروگرام کے لیے منتخب ہونے اور امریکہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر خواتین شرکا کومبارکباد دی۔

سفیر پاکستان نے وفد کے شرکا پر زور دیا کہ وہ ملک کو درپیش چیلنجز بالخصوص موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے آگاہی کے لئے ٹیکنالوجی پر مبنی حل تجویز کریں۔ٹیک ویمن پروگرام کی افادیت کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے شرکا سے کہا کہ وہ اپنے نیٹ ورکس کو مزید مربوط بنانے اورمتعلقہ شعبوں کے ماہرین کے ساتھ پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے کے لیے اس موقع کو موثر پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کریں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ جدید سائنسز اور ٹیکنالوجیز میں دنیا کی رہنمائی کرتا ہے ۔ ٹیک وویمن جیسے مواقعوں سے جہاں پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے فروغ میں مدد ملتی ہے وہاں دونوں ملکوں کے درمیان پیشہ وارانہ افراد کے مابین روابط کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔

وفد کے شرکا نے امریکہ میں قیام کے دوران اپنے تجربات سے سفیر پاکستان کو آگاہ کیا۔