الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدراکرام الحق سبحانی کی سربراہی میں وفد کا ترکیہ میں پاکستانی قونصل خانے کا دورہ ، پاکستانی قونصل جنرل سے ملاقات

انقرہ( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدراکرام الحق سبحانی کی سربراہی میں وفد نے ترکیہ میں پاکستانی قونصل خانے کا دورہ کیا اور ترکیہ میں موجود پاکستانی قونصل جنرل نعمان اسلم سے ملاقات کی۔

اس موقع پراکرام الحق سبحانی نے قونصل جنرل نعمان اسلم کو ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں الخدمت کی ٹیم کے کام کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن اندرون و بیرون ممالک سے ترک بہن بھائیوں کیلیے عطیات جمع کررہی ہے اور ترکیہ میں برادر تنظیموں کی مدد سے پکے پکائے کھانے، فوڈ پیکج،گرم کپڑوں، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی فراہمی جاری ہے۔

قونصل جنرل نعمان اسلم نے الخدمت کی انسانی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں۔