محمد خان بھٹی کے کیس کیلئے ایک وکیل کے ساتھ گفتگو کو ٹیپ کرکے غلط رنگ دیا گیا ہے: چودھری پرویزالٰہی


لاہور (صباح نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اپنے حوالے سے آڈیو لیک کے سلسلے میں موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمد خان بھٹی کے کیس کیلئے ایک وکیل کے ساتھ گفتگو کو ٹیپ کرکے غلط رنگ دیا گیا ہے، آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی، محمد خان بھٹی پچھلے دس دن سے لاپتہ ہیں، ان کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے آخر وہ کیس بھی سامنے آنا ہے، اگر کوئی بندہ انصاف کیلئے اپنے وکلا کے ذریعے عدالتوں کو رجوع کرتا ہے تو یہ اس میں بھی کوئی گناہ ثابت کرنا چاہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت عدلیہ کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے، ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے، عدلیہ اس وقت عوام کی امیدوں کامرکز ہے، حکومت انتقام میں اندھی ہوچکی ہے اور تمام مخالفین کو جھوٹے کیسوں میں جیلوں میں بند کرناچاہتی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ماڈل ٹائون سانحہ کے سرغنہ رانا ثناء اللہ بوکھلائے ہوئے اٹھے ہیں اور بولنا شروع کر دیا ہے، یہ انشاء اللہ سانحہ ماڈل ٹائون کے کیس میں ہی کیفر کردار تک پہنچیں گے، اس نااہل حکومت کی تمام غلط کاریوں کی چیزیں انشاء اللہ سامنے آ کر رہیں گی، اللہ تعالیٰ کی مدد سے رانا ثناء اللہ کے سارے کرتوت باری باری سامنے آ رہے ہیں