سید علی گیلانی کا مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے ڈی ڈی سی کے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان


ّسرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمین بزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے ضلع ترقیاتی کونسل(ڈی ڈی سی)کے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت جب بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف ہماری تحریک ایک نازک مرحلے سے گزررہی ہے ڈی ڈی سی کے انتخابات منعقد کرانا آبادیاتی تبدیلی،زمین چھیننے ،غیرقانونی کالونیاں تعمیر کرنے،ہماری معیشت پر حملہ آور اور ہماری روزی کوختم کرنے کا  نیاگھناونی کھیل ہے ،

اپنے جاری بیان میں سید علی گیلانی نے کہاکہ ایسے انتخابات میں شامل یا لڑنے والے تمام لوگ اور سیاسی جماعتیں تحریک آزادی کے خلاف کردار ادا کررہے ہیں، ان کی سرگرمیاں نہ صرف بھارت کے قبضے کو قانونی جواز فراہم کررہیں ہیں بلکہ و ہ  بھارتی قابض انتظامیہ کے ہاتھوں  جموں و کشمیر کے لوگوں کو ختم کرنے کے لئے ڈی ڈی سی ،بی ڈی سی اور پنچائیت جیسے ان نئے قابض ڈھانچوں کو قائم کرنے میں برابر کے زمہ دار اور کردار ادا کررہے ہیں،

سید علی گیلانی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اس شرمناک عمل کا حصہ بنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے اس لئے انہیں ڈی ڈی سی کے ان انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہمیںبھارت کی ایسی ریشہ دوانیوں اور سازشوں سے ہوشیا ر رہناچاہیے اور اپنی جدوجہد کو آزادی کی صبح تک جاری رکھنا کا عزم کرنا چاہیے ۔