وزیرخارجہ کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات


نیامے :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نائجر میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی،

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے توانائی سمیت مختلف اقتصادی و تجارتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا،اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال، کورونا اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے جی 20 سمٹ کے کامیاب انعقاد پر سعودی ہم منصب کو مبارکباد دی۔اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور او آئی سی کے کردار کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سعودی عرب کی اصولی اور مستقل حمایت پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے واضح کیا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے اور دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے توانائی سمیت مختلف اقتصادی و تجارتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا،دونوں ممالک کے مابین اس حوالے سے جلد وفود کا تبادلہ ہو گا