الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن


لاہور(صباح نیوز )الخدمت فاونڈیشن  پاکستان  کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن  نے  سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ اضلاع   سکھر، شکار پور، جیکب آباد اور جعفر آباد  کا دورہ کیا اور  الخدمت تعمیر وطن پروگرام کے تحت جاری بحالی و تعیر نو کے حوالے سے جاری پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔

صدر الخدمت نے اِس موقع پر کہا کہ اب تک محفوظ ماں، محفوظ خاندان پراجیکٹ کے تحت اب تک 17 ہزار سے زائد حاملہ خواتین کو  رجسٹر کیا جا چکا ہے جبکہ 900 سے زائد نارمل ڈیلیوریز ہوچکی ہیں۔ الخدمت کے میڈیکل کیمپس اور فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے اب تک ساڑھے سات لاکھ  کے قریب مریض مستفید ہوچکے جبکہ 12 موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے 90 ہزار سیلاب متاثرین کو  علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ اِس کے ساتھ ساتھ ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہائی جین کٹس، 10ہزار سے زائد محفوظ ڈیلیوری کٹس اور نوزائدہ بچوں کی کٹس تقسیم کی جاچکی ہیں۔

ڈاکٹر حفیظ ارحمن نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب کے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے  بعد 5 ارب روپے سے بحالی و تعمیر نو  کا کام جاری ہے۔ جس میں 10 ہزارمکانات کی تعمیر  و مرمت، 6سو، سکولوں، مدارس اور مساجد کی  تعمیر و مرمت کا عمل، 4 سے 12سال  تک کے 3 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی مستقل کفالت کا بندوبست اور پینے کا صاف پانی فراہمی شامل ہے۔ اب تک 10 ہزار چھوٹے کسانوں کو گندم کی بوائی کے لیے بیج، کھادیں اور زرعی ادویات  کی فراہم کیے جا چکے  ہیں جو اُن کسانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر غذائی پیداوار کو بڑھانے کی کوشش بھی ہے۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے جعفر آباد اور جیکب میں مستقبل قریب میں بننے والے ہسپتالوں اور الخدمت کمپلیکس کی سائٹ کا دورہ بھی کیا اور اِس عزم کا اعادہ کیا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا۔