پاکستان ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان بھیج رہا ہے۔میاں محمد شہبازشریف


لاہور(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ زلزلہ زدگان کیلئے قائم فنڈ کو ترکیہ کے ساتھ ساتھ شام میں متاثرین کی مدد کیلئے بھی استعمال کیا جائے گا۔پاکستان ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان بھیج رہا ہے بلکہ اسکی ترسیل پر آئے تمام اخراجات بھی خود اٹھائے گا۔

اعلی سطحی اجلاس میں  وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو ترکیہ اور شام کے متاثرین کی ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے امدادی سامان خریدنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم نے  وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کو تعلیمی اداروں سے رابطہ کرکے منظم فنڈ ریزنگ مہم چلانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر ِ اعظم کی وزراتِ مذہبی امور کو علما کو اعتماد میں لے کر زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے دینی اداروں میں آگاہی پھیلانے کی بھی  ہدایت کی ۔

اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد میں شامل تمام وزرا، اداروں اور اہلکاروں کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔پاکستان اس تاریخی زلزلے سے متاثرہ ترک اور شامی بہن بھائیوں کی حتی المقدور مدد کرے گا۔پاکستان نہ صرف فضائی راستے (ائیر برج)بلکہ زمینی اور سمندری راستے سے ترکیہ اور شام امدادی سامان کی ترسیل یقینی بنا رہا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ریسیکو اہلکار ترکیہ میں لوگوں کی جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔پاکستان ترکیہ اور شام کے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی امداد جاری رکھے گا۔

وزیر ِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی کارروائیوں پر جائزہ اجلاس  لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس کو ترکیہ میں پاکستان کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں اور ترکیہ اور شام میں بھیجے جانے والے امدادی سامان کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے ترکیہ میں سردی سے بچانے  والے خیمے، کمبل اور لحاف، گرم کپڑے بھیجے جار رہے ہیں۔اس سامان کا خاطر خواہ حصہ فضائی راستے(ایئر برج)کے ذریعے بھیجا جا چکا ہے جبکہ گزشتہ روز 21 ٹرکوں کا قافلہ مزید خیمے، لحاف وکمبل اور گرم کپڑے لے کر ترکیہ اور شام روانہ ہو گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان بھر میں این ڈی ایم اے کے کلیکشن پوائنٹس پر پاکستانی عوام کی طرف سے امدادی سامان پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔آئندہ چند روز میں1600 ٹن راشن بذریعہ زمینی و سمندری راستے ترکیہ اور شام بھیجا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان مجموعی طور پر ترکیہ اور شام کے متاثرین کیلئے 11 ہزار سے زائد سردی سے بچا کے خیمے فوری طور پر بھیج رہا ہے جبکہ 14 ہزار خیمے آئندہ ہفتے تک روانہ کیے جائیں گے۔اسکے علاوہ 42 ہزار سے زائد کمبل بھی امدادی سامان کا حصہ ہیں۔

وزیرِ اعظم کو ترکیہ اور شام میں پاکستانی سفرا نے زلزلہ زدہ علاقوں کی موجودہ صورتحال اور متاثرین کی ضروریات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے دونوں سفرا ء کو ترکیہ اور شام کی حکومتوں سے قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال مریم اورنگزیب ، رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی،ترکیہ اور شام میں پاکستان کے سفرائ، سیکرٹری خارجہ سیکرٹری ہوابازی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔