ترکیہ میں پاک آرمی کا ریسکیو آپریشن ، ملبے تلے دبے 6 افراد کو زندہ بچالیا


انقرہ(صباح نیوز)بین الاقوامی میڈیا بھی ترکیہ میں پاکستان آرمی کی سر چ اینڈ ریسکیو ٹیم کا معترف ہے۔پاکستان آرمی کی سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے ترک عوام کے دل جیت لئے۔

پاکستان آرمی 120گھنٹوں سے ترکیہ میں ریسکیو آپریشن میں مسلسل مصروف عمل ہے۔پاکستان آرمی کی یوایس اے آرٹیموں نے10مقامات پر سرچ اور ریسکیو آپریشن کیا۔پاکستان آرمی کی ریسکیو ٹیم نے ملبے میں سرچ آپریشن کے دوران زلزلے کے 138گھنٹے گزرنے کے بعد 14سالہ لڑکے کو زندہ بچا لیا جو پاکستان آرمی ریسکیو ٹیم کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

پاکستان آرمی سرچ اور ریسکیو ٹیم کی پیشہ ورانہ خدمات اور سرچ آپریشن میں کامیابیوں کے ضمن میں ٹی آرٹی ورلڈنے پاکستان آرمی کے آفیسر سے خصوصی بات چیت بھی کی۔ٹی آرٹی ورلڈکو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان آرمی کے متعلقہ آفیسر نے بتایا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود پاکستان آرمی کی ریسکیو ٹیموں نے 14سالہ لڑکے کو بچانے کے لئے پیشہ ورانہ مہارت اور جانفشانی کا عملی نمونہ پیش کیا۔

مجموعی طور پر پاک آرمی کی یوایس اے آرٹیموں نے پچھلے 120گھنٹوں کے دوران ملبے تلے دبے 6سے زائد افراد کو زندہ بچایا جبکہ80 افراد کی لاشیں ملبے سے نکال کر ورثا کے حوالے کر دی۔اس کے علاوہ ملبے تلے دبے 5 زندہ افراد کی بھی نشاندہی کی گئی جنہیں لوکل ریسکیو ٹیموں نے بچا لیا۔ملبے تلے دبے افراد کے ریسکیو کے لئے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ ترک عوام پاک فوج کی ریسکیو اور سرچ ٹیموں کی پیشہ ورانہ خدمات کی معترف۔