جماعت اسلامی کی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف تحریک کا چوتھا بڑا جلسہ29نومبرکودیرپائین میں ہوگا:امیرالعظیم


لاہور:سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف تحریک کا چوتھا بڑا جلسہ 29 نومبر کو دیر پائین میں ہوگا ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ  جماعت اسلامی نااہل اور ناکام حکمرانوں کے خلاف ملک بھر کے عوام کو منظم اور متحرک کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیاہے ۔ غریب کے گھر کا چولہا بجھ چکا ہے اور غربت کے مارے عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ معیشت کابھٹہ بیٹھ گیاہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے اب تک 35 لاکھ لوگوں سے روزگار چھین لیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک یہ نااہل ٹولہ اقتدار میں ہے ، عوام مہنگائی و بے روزگاری کی چکی میں پستے رہیں گے ۔