امجد اسلام امجد، الخدمت فاؤنڈیشن کیلیے ایک سایہ دار درخت کی مانند تھے،ڈاکٹر حفیط الرحمن صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان

لاہور( صبا ح نیوز )مایہ ناز شاعر، دانشور الخدمت فاؤنڈیشن کے ہزاروں بچوں کے کفالت پروگرام کے سفیر امجد اسلام امجد دار فانی سے کوچ کر گئے۔

اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن کا  اپنے تعزیتی بیان میں کہنا تھا کہ امجد اسلام امجد  الخدمت فاؤنڈیشن کیلیے ایک سایہ دار درخت کی مانند تھے۔ آپ ایک شاعر، ادیب اور ڈرامہ نگار کے ساتھ ساتھ ایک درد دل رکھنے والی شخصیت تھے۔ نیکی کا جذبہ ان کے اندر کوٹ کوٹ کے بھرا ہوا تھا وہ انسانیت کے کاموں میں آنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے تھے۔

الخدمت فاؤنڈیشن سے امجد اسلام امجد کا تعلق بہت پرانا ہے۔ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالت کے پروگرام کے زیر سایہ پلنے والے بہت سے بچوں کی کفالت کر رہے تھے اور ان بچوں سے ملنے اور ان کے پروگراموں میں شریک ہونے کے لیے بہت دور دور بھی چلے جایا کرتے تھے ۔ ۔اللہ امجد اسلام امجد کو اپنے حضور میں جگہ عطا کرے اور ان کے درجات بلند فرمائے آمین۔